اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کل بدھ کو بھرپورجوش وجذبے کے ساتھ منایاجائے گا ،صبح دس بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرکے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا کیاجائے گا۔ اس حوالے سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ریلی کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ہرشعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادشرکت کریں گے، ریلی کی قیادت وفاقی وزراء کریں گے۔منگل کو وزارت امور کشمیروگلگت بلتستان کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مظفرآباد میں یوم یکجہتی کشمیر ریلی کی قیادت صدرآزادکشمیرکریں گے جس میں ہرشعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادشرکت کریں گے جبکہ گلگت بلتستان میں گورنر اوروزیر اعلیٰ گلگت بلتستان یوم یکجہتی کشمیر ریلی کی قیادت کریں گے۔اعلامیہ کے مطابق پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب اورگورنرپنجاب یوم یکجہتی کشمیر ریلی کی قیادت کریں گے۔اسی طرح سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ یوم یکجہتی کشمیر ریلی کی قیادت کریں گے۔بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں گورنر اوروزیر اعلیٰ یوم یکجہتی کشمیر ریلی کی قیادت کریں گے۔خیبرپختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں گورنراور وزیر اعلیٰ یوم یکجہتی کشمیر ریلی کی قیادت کریں گے۔اعلامیہ کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے کوہالہ پل کے مقام پرآزادجموں وکشمیر اور گلگت بلتستان حکومتوں کے اراکین انسانی ہاتھوں کی زنجیربنائیں گے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد،راولپنڈی سمیت صوبائی دارالحکومتوں میں ائیرپورٹس،ریلوے سٹیشنز اور تمام بڑی شاہراہوں پر یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تصویریں، پوسٹرز اوربل بوڈز آویزاں کئے گئے ہیں۔اعلامیہ کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وطن عزیز کے تمام تعلیمی اداروں میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مضمون نویسی اور تقاریری مقابلوں کا بھی انعقادکیاجائے گا۔