اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا کہ طلباء کو اپنے روشن مستقبل کے لیے اپنی جسمانی اور ذہنی صحت پر توجہ دینی چاہیے اور ملک کی ترقی اور خوشحالی میں مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔وہ منگل کو پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن سپورٹس گالا کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل اور قوم کا اثاثہ ہیں۔ ایونٹ میں ملک بھر سے 300 سے زائد سکولوں کے بچوں نے حصہ لیا اور ایونٹ میں ٹریک ریس، فٹ بال، ٹگ آف وار سمیت 15 کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے۔ تقریب میں طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور سٹیڈیم پاکستان زندہ باد کشمیر پائندہ باد، پاک چین دوستی زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔مشال حسین ملک نے کہا کہ میں ان بچوں میں بہت خوش ہوں اور کھیلوں کے میدان میں اپنا بچپن یاد آیا۔انہوں نے مزید کہا کہ آپ نے علامہ اقبال کے خواب کو سچ کر دکھایا۔انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے بچے ہماری مدد کے منتظر ہیں۔