اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کچھی بلوچستان میں آپریشن کے دوران 27 دہشت گرد جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ پیر کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے بلوچستان میں سرگرم دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے پر فورسز کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے ہر وقت سرگرم عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کا خاتمہ سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے۔ صدر مملکت نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کے کردار کی معترف ہے۔