لاہور( نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مستحق اور نادار افراد کو3 مرلے کا مفت پلاٹ دینے کیلئے سکیم لانے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کالا شاہ کاکو میں زہرہ ہومز / مسکن راوی سکیم کا افتتاح کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے زہرہ ہومز/ مسکن راوی کا دورہ کیا اور تفصیلی معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے 100 خاندانوں کو گھروں کے الاٹمنٹ لیٹرز اور چابیاں دیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازنے زہرہ ہومز/ مسکن راوی سکیم کے معیار اور سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو زہرہ ہومز / مسکن راوی سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ کالا خطائی روڈ لاہور پر موضع نہرہ پور میں ابتدائی طور پر 100 مکانات تعمیر کیے گئے ہیں۔زہرہ ہومز میں ہر گھر 400 مربع فٹ پر محیط ہے۔ زہرہ ہومز میں دو بیڈروم،ایک باورچی خانہ،ایک باتھ روم اور صحن شامل ہے۔بریفنگ میں وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کو مزید بتایا گیا کہ زہرہ ہومز کوجدید ترین ای پی ایس سمارٹ پینل ٹیکنالوجی سے زلزلے سے محفوظ، توانائی کے لحاظ سے مؤثر اور ماحولیاتی طورپرپائیدار بنایا گیا۔ مسکنِ راوی کا ہر گھر 5 کلو واٹ کے سولر سسٹم سے چلایا جائے گا۔ کمیونٹی میں صاف پانی کے لیے آر او پلانٹ، ایک سکول، کھیل کے میدان، مسجد اور ڈسپنسری کی سہولتیں دی گئی ہیں۔ مسکنِ راوی ہاؤسنگ سکیم روڈا اور ای پی ایس سولوشنز پاکستان کی مشترکہ کاوش ہے۔تقریب میں صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کی خدمات اور پراجیکٹس پر ڈاکومنٹری پیش کی گئی۔ صوبائی وزیر ہاوسنگ بلال یاسین نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔