پیرس۔(نمائندہ خصوصی)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز(پی آئی اے) کی یورپ کے لئے پروازیں بحال ہونے کے بعد پیرس کے لئے اس کی پہلی پرواز جمعہ کو یہاں چارلس ڈیگال ایئرپورٹ پر پہنچ گئی۔پاکستانی سفارتخانہ میں ناظم الامور حذیفہ خانم نے پاکستانی برادری کے ارکان، سفارتخانے کے افسران اور عملہ کے ہمراہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 749 سے پہنچنے والے مسافروں، پی آئی اے اور ایوی ایشن کے حکام اور عملے کا پرتپاک استقبال کیا۔– سفارت خانہ پاکستان، پیرس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ناظم الامور نے سب کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کی طرف سے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے بہترین تحفہ ہے۔ پروازوں کی بحالی سے پاکستان، فرانس اور یورپی یونین کے درمیان تجارت، سیاحت، کاروبار کے فروغ اور عوام سے عوام کے تبادلے کے ذریعے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی آئی اے کے سی ای او اے وی ایم عامر حیات نے کہا کہ پی آئی اے ہفتے میں دو بار پیرس سے اسلام آباد کے لیے پروازیں چلائے گی – ہر جمعہ اور اتوار کو پاکستان اور فرانس کے درمیان براہ راست فضائی رابطہ فراہم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان پہلی براہ راست پرواز 1966 میں شروع ہوئی تھی۔ ایئر فرانس کے نمائندے نے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے عوام کے لیے خوشی کا دن ہے اور دوطرفہ تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔ اسلام آباد سے براہ راست پرواز کے ذریعے پیرس پہنچنے والے مسافر کم سفری وقت اور معیاری سروس کی وجہ سے بہت خوش تھے۔ اس موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔