اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم کو عالمی معیار اور فول پروف بنانے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجیز خصوصاً مصنوعی ذہانت کے استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم پاکستان کی اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہو گا ، فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کی جانب اہم قدم ہے ۔وزیراعظم آفس پریس ونگ سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیف کلکٹر کسٹمز کراچی زون جمیل ناصر نے ملاقات کی ہے۔ وزیر اعظم نے فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم کی تیاری اور نفاذ میں نمایاں خدمات کے حوالے سے جمیل ناصر اور کسٹمز کراچی زون میں ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہا اور فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم کی تیاری اور نفاذ کے لئے کام کرنے والی ٹیم کے لئے 1.5 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان بھی کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم کی بدولت کسٹمزآپریشنز میں شفافیت، کارکردگی اور خدمات کی فراہمی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے فیس لیس کسٹمز سسٹم کو عالمی معیار اور فول پروف بنانے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجیز خصوصاً مصنوعی ذہانت کے استعمال پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ منصفانہ، شفاف اور مؤثر کسٹمز سسٹم کو یقینی بنانے کے لئے کسٹم نظام میں مزید جدت لائی جائے جو کہ بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ ہو ۔وزیراعظم نے کہا کہ فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم پاکستان کی اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہو گا ،ملک میں کاروبار اور سرمایہ کار دوست ماحول کی فراہمی کے حوالے سے یہ سسٹم ایک اہم سنگ میل ہے، فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کی جانب اہم قدم ہے ۔