اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سے پاکستانی نژاد امریکی پروفیسر مدثر وائیں نے بدھ کو ملاقات کی ۔ملاقات میں پاکستانی تعلیمی نظام کے معیار اور کوالٹی اشورنس کے حوالے سے اہم گفتگو ہوئی۔ اس ملاقات میں وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی، ایچ ای سی کے ڈائریکٹر کوالٹی اشورنس اور پلاننگ کمیشن کے ممبر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے بھی شرکت کی۔پروفیسر مدثر وائیں جو کیلی فورنیا میں کوالٹی اشورنس کے ماہر ہیں اور کمپیوٹر سائنس میں پی ایچ ڈی رکھتے ہیں، نے امریکی بورڈ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سے تسلیم شدہ کوالٹی اشورنس کے اصولوں پر روشنی ڈالی۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے بیرون ملک مقیم پاکستانی ماہرین کی ملک کی ترقی میں شراکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’’اڑان پاکستان‘‘ پروگرام کے تحت ایسے ماہرین کے علم اور تجربے سے فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔انہوں نے پاکستانی یونیورسٹیوں کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے بہترین 10 یونیورسٹیوں پر مشتمل ایک ’’پریمئر لیگ گروپ‘‘بنانے کی تجویز پیش کی جس کے ذریعے دنیا کی اعلیٰ یونیورسٹیوں کے ساتھ روابط قائم کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ 2023 میں ایچ ای سی اور برٹش کونسل کے تعاون سے پاکستانی یونیورسٹیوں کے لیے تیار کیا گیا کوالٹی اشورنس فریم ورک نہ صرف تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے مثالی ہے بلکہ یہ پاکستانی تعلیمی نظام کی منفرد ضروریات کو بھی پورا کرتا ہے۔ احسن اقبال نے فریم ورک پر موثر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔