اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) انسپکٹر جنرل،نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس رفعت مختار راجہ نے ریجنل آفس نارتھ اسلام آباد کا دورہ کیا۔ ان کی آمد پر ایڈیشنل انسپکٹر جنرل یاسین فاروق نے استقبال کیا جبکہ موٹروے پولیس کے چاق و چوبند دستے نےسلامی پیش کی۔انسپکٹر جنرل رفعت مختار راجہ نے نارتھ ریجنل آفس اسلام آباد اور موٹروے نارتھ زون کی مختلف برانچوں کا معائنہ کیا اور آپریشنل امور پر تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔ انہوں نے عمومی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اہم ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر آئی جی موٹروے کا کہنا تھا:”خوش اخلاقی، بروقت مدد، محنت اور قانون کی پاسداری موٹروے پولیس کی پہچان ہے۔ ہر افسر اور جوان ان اصولوں پر عمل پیرا رہتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیں۔ اچھی کارکردگی دکھانے والوں کو سراہا جائے گا، جبکہ غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔”انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو سفر کے دوران تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، موٹروے پولیس میں روڈ سیفٹی ایجوکیشن کا ایک کلیدی کردار ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جارہا ہے۔ موٹرویز پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور قانون کے یکساں نفاذ جو کہ موٹروے پولیس کی بہترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس میں کسی صورت بھی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔