اڈاہو: امریکی مہم جو، مصنف، کھلاڑی اور فنکار ڈیوڈ رش نے ایک برس میں 52 نئے ریکارڈ قائم کرکے خود دنیا کو اور گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کو بھی حیران کردیا ہے۔
اب ان کے پاس عالمی اعزازات اور ریکارڈ کا ایک جائزہ لے لیجئے۔ آنکھوں پر پٹی باندھ کر 100 میٹر دوڑتے ہوئے تین گیندوں کو گھمانا، آنکھوں پر پٹی باندھ کر 100 میٹر کا تیزترین سفر، ایک منٹ میں منہ سے مارش میلو پکڑنے کا ریکارڈ، ایک منٹ میں کارک بورڈ پر سب سے زیادہ پنیں دبانے کا ریکارڈ، سر پر سب سے زیادہ ٹوائلٹ پیپر رول متوازن کرنا، سب سے کم وقت میں دس غبارے پھاڑنا، ٹھوڑی پر سائیکل اور سر پر برقی آری بیلنس کرنے کا کارنامہ ، ایک منٹ میں گیند گھماتے دوران منہ سے انگور تھامنے کا ریکارڈ اور دیگر بہت سے ریکارڈ ان کے نام ہیں۔
وہ دنیا کے سب سے تیزرفتار جگلر یعنی گیندوں کو گھمانے کے عالمی شہرت یافتہ ماہر بھی ہیں۔ اس لحاظ سے وہ دنیا میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ رکھنے والے سب سے بڑے اور مشہور کھلاڑی بھی ہیں۔ اس طرح ایک سال میں 52 اور 2015 سے اب تک وہ 150 ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے 2021 کے لاک ڈاؤن والے ماحول میں ہر ہفتے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا اور اس طرح ہر ہفتے انہوں نے ایک ناممکن امر کو ممکن کردکھایا ہے۔ اس کے علاوہ وہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے فروغ میں بھی اپنا اہم کردار ادا کرتے رہتےہیں ۔ وہ نوجوانوں سے کہتے ہیں کہ ریاضی سے نہ گھبرائیں بلکہ اس میں کمال حاصل کریں کیوبکہ زندگی میں کوئی بھی شے پانا کچھ مشکل نہیں۔
2021 کی چار جنوری کو ڈیوڈ نے پہلا ریکارڈ قائم کیا اور اس کے بعد ہر ہفتے دلچسپ ریکارڈ بناتے رہے اور اپنے سی وی میں اس کا اضافہ کرتے رہے۔