لاہور۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات خوش آ ئند ہیں ، مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے ، ملکی مفاد کو سیاست کی نذر نہیں کیا جانا چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں 21ویں بین الاقوامی فارمیسی کانفرنس اور نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ دنیامیں ہر شعبہ تیزی سے ٹیکنالوجی پر منتقل ہورہا ہے اور فارمیسی کا شعبہ بڑی اہمیت رکھتا ہے ،کسی بھی شعبے کی ترقی کا دارومدار محنت پر ہے ، انسان کی زندگی میں سیکھنے کا عمل جاری رہتا ہے،نوجوانوں کیلئے پیغام ہے کہ آ گے بڑھتے رہیں،اگر نوجوان طبقہ اپنی زندگی میں محنت اور وفاداری کو اپنے اوپر لاگو کر لے تو دنیا کی کوئی طاقت انہیں شکست نہیں دے سکتی ۔ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ اگرآپ ملک کیخلاف باتیں کرو گے تو کوئی تو آپ سے پوچھے گا، اگر آپ کے نزدیک الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو خود دیکھیں کون سا فارم 47 یا 45 ہے ،اس پر ایک مناسب طرز عمل اختیار کرنا چاہیے تھا ، آپ نے تو جلائو گھیرائو شروع کر دیا، اسی پر ہی آپ نے اکتفا نہیں کیا بلکہ ملکی سلامتی کو دائو پر لگا دیا،یہ کیسی سیاست ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے آئی ایم ایف کو خط لکھے کہ ملک کو قرض نہ دیں، ن لیگ یا پیپلزپارٹی کے خلاف نہیں، آپ نے تو پاکستان کے خلاف امریکہ میں قرارداد پاس کروائیں، کوئی آپ سے پوچھے آپ نے ایسا کیوں کیا،پی ٹی آ ئی کی طرف سے امریکہ میں پاکستان کے خلاف منظور کرائی گئی قراردادوں کے نتائج سامنے آ رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کا آ غاز خوش آ ئند ہے ، مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے ،بات چیت ہوگی تو کوئی راستہ نکلے گا ، ملکی مفاد کو سیاست کی نذر نہیں کیا جانا چاہیے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملکی مفاد کی خاطر مذاکرات کے دروازے کھلے رکھے ہیں،ہم تو پہلے بھی مذاکرات کیلئے تیار تھے، ہم پر تنقید کریں لیکن ملک کے حوالے سے تو تعمیری بات کریں، مذاکرات کا مقصد ملک میں سیاسی استحکام پیدا کرنا ہے کیونکہ سیاسی استحکام ہو گا تو معاشی استحکام آ ئے گا ۔انہوں نے کہا کہ نو مئی کے مقدمات میں ملوث مجرموں کو اب سزائیں ہو رہی ہیں ،جی ایچ کیو ، کورکمانڈر ہائوس پر حملہ ہوتے سب نے دیکھا، 9مئی یا کسی سازش کے تحت مجرمانہ عمل کا مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں۔مصدق ملک نے کہا کہ جرائم کا گفتگو و شنید سے کوئی تعلق نہیں ہے ،جنہوں نے جرائم کئے وہ اب بھگت رہے ہیں ،سزائیں ہو رہی ہیں ،ٹرائل ہو رہے ہیں، شواہد سامنے آ گئے ہیں ،فرد جرم بھی عائد ہو چکی ہے،بانی پی ٹی آ ئی پر سیاسی نہیں بلکہ فوجداری نوعیت کے مقدمات ہیں ۔مصدق ملک نے کہا کہ کوئی ثابت کردے کہ بانی پی ٹی آ ئی پر سیاسی کیس ہیں تو اس پر بات ہوسکتی ہے، شواہد سامنے آگئے ہیں، فردِ جرم ہوگئی، اب سزائیں بھی ہو رہی ہیں۔مصدق ملک نے کہا کہ سیاست کا طرز عمل جمہوری ہونا چاہیے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پچھلے سال کے مقابلے میں صارفین کو سوئی گیس کی فراہمی بہتر ہے، صبح 5 بجے سے رات 10 بجے تک گیس کی فراہمی جاری رہتی ہے، کہیں کہیں گیس پریشر میں کمی ضرور ہے جس پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔