اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلا نی نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح ؒ کے یوم ولادت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ ایک عظیم لیڈر اور ذہانت و فراصت کے عظیم پیکر تھے ۔ محمد علی جناح ؒ نے اپنے اعلیٰ کردار ، مستقل مزاجی اور جدوجہد سے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر کے علیحدہ ملک کےلئے جدوجہد شروع کی اور برصغیر پاک ہند کے مسلمانوںکےلئے دو قومی نظریے کی بنیاد پر پاکستان کے قیام کوعملی جامہ پہنایا ۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ قیام پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ پوری قوم بانی پاکستان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور تا دم ان کی احسان مند رہے گی ۔ بابائے قوم کی دور اندیشی اور سیاسی بصیرت نے قوم کی تقدیر بدلنے کیلئے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط جیسے رہنما اصول وضع کیے ۔قیام پاکستان کی تحریک کےلئے محمد علی جناحؒ ایسے ڈٹ کر کھڑے ہوئے کہ اس وقت کی سپر پاور کو ان کے سامنے سرنگوں کرنا پڑا ۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بانی پاکستان کی تعلیمات اور ان کے فرمودات کی اہمیت موجود ہ دور کے مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے مزید اہمیت اختیار کر گئی ہیں ۔ ملکی مسائل کی بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ ہم نے وہ تعلیمات بھلا دی ہیں جن کی نشاندہی بابائے قوم نے کی تھی۔ آج ہمیں جن مشکلات کا سامنا ہے، ان پر قابو پانے کاواحد راستہ قانون اور آئین پر من وعن عمل درآمد ہے۔ ہمیں بانی پاکستان کے رہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے اپنے مستقبل کو تابناک بنانے کے لئے ہر قسم کے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر پر امن، ترقی پسندانہ اور جمہوری رویوں کو پروان چڑھا نا ہوگا۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو قائد اعظم ؒکے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کیلئے مل کر کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔