اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیراعلیٰ پنجا ب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ عوام کی بلاامتیاز خدمت ہمارا وژن ہے، اپنے طلباکو تعلیم کے میدان میں تمام عالمی رجحانات سےروشناس کرائیں گے، تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کررہے ہیں، تعلیمی وظائف کے بعد طالبات کے لئے مفت الیکٹرک بائیکس اور لیپ ٹاپس بھی متعارف کرانے جا رہے ہیں ، چینی کمپنیاں پہلی بار پنجاب میں الیکٹرک بائیکس مینوفیکچرنگ پلانٹس لگائیں گی، مصنوعی ذہانت ، سائبر سکیورٹی سمیت جدید علوم کے حصول میں طلبا کی ہرممکن مدد کریں گے، سکالرشپ طلبا کا حق ہے، میں نے صرف اپنا فرض اداکیا ہے، ملک کی تاریخ میں پہلی بار پنجاب حکومت نجی یونیورسٹیوں کے طلباکو بھی سکالرشپ دے رہی ہے، یہ وہ تبدیلی ہے جب پاکستان کے عوام دیکھ رہے ہیں، ا س سال طلبا کو 30 ہزار سکالرشپ دے رہے ہیں، اس کا 60 فیصد طالبات کو دیاجائےگا اور آئندہ سال 50 ہزار سکالرشپ دینے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، تعلیم مکمل کرنے کے بعد نوجوانوں کو روزگار کمانے کے لئے 3 کروڑ روپے تک کے آسان شرائط پر قرض دیں گے، نوجوان آگےبڑھیں ہم ان کے لئے راستے ہموار کرتے رہیں گے، جلائو گھیرائو اور توڑ پھوڑ طلبا کو زیب نہیں دیتا، مخالفین کے اپنے بچے باہر ہیں اور غریبوں کے بچوں کو جلائو گھیرائو میں جھونکنا کونسی سیاست ہے؟ مخالفین کے طوفان بدتمیزی کو خاطر میں لائےبغیر آگے بڑھیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ہونہار سکالرشپ پروگرام کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سےخطاب کرتےہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے ہونہار سکالرشپ کے دوسرے مرحلے کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے ہونہار طلبا میں سکالرشپ کے چیک تقسیم کئے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے سکالرشپ حاصل کرنے والے طلبا اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سکالرشپ پانے والے ہونہار طلبا میں سے ہر ایک اپنے وطن ، اپنی مٹی کے لئے اثاثہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ 30 ہزار طلبا کو سکالرشپس دے رہے ہیں اور مجھے خوشی ہے کہ 60 فیصد سکالرشپس طالبات کو گئے ہیں اور طالبات کی خوشی بھی دیدنی ہے۔غیرملکی مہمان جب پاکستان آتے ہیں اور مجھ سے بطور وزیراعلیٰ ملاقات کرتے ہیں اور پاکستان اور پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بننے کی مبارکباد دیتے ہیں تو میرے لئے بھی اتنے ہی اعزاز کی بات ہوتی ہے جتنی ساری پاکستان کی بچیوں کے لئے اعزاز ہے۔100 ملین روپے 5 سالہ پروگرام ہے جس میں سے 30ہزار سکالرشپ اس سال دیئے جارہے ہیں۔ہماری کوشش ہے کہ سکالر شپس کو 30 ہزار سے بڑھا کر آئندہ برس 50 ہزار پر لے جائیں ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہم نے صف اول کی نجی یونیورسٹیوں اور کالجز کو بھی اس پروگرام میں شامل کیا ہے، اگر امیر کابچہ فاسٹ ،نسٹ، نمز، جے آئی کےآئی اور یو ای ٹی جا سکتاہے تو تعلیمی اخراجات برداشت نہ کر سکنے والے ہونہار طلبا بھی ان جامعات میں جا سکتے ہیں۔مریم نوازشریف نے کہاکہ یہ آپ کا حق ہے ۔ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے اور ایسے ہونہار بچوں کی ذمہ داری اٹھانا ریاست کا فرض ہے اور آج اس کا آغاز ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس سکالرشپ کے ذریعے بچے سر اٹھا کر اپنا تعلیمی مستقبل بنا سکیں گے۔تعلیم وہ سرمایہ ہے جو بلاتفریق آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتا ہے ، اس ملک کے نوجوان تعلیم یافتہ بن کر ملک اور قوم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد لیپ ٹاپ بھی فراہم کئے جائیں گےجس سے طلبا کو بھرپور طریقہ سے آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔ الیکٹرک بائیک بھی طلبا کو فراہم کرنے جا رہے ہیں۔ زیادہ تر طالبات کی درخواستیں ہیں اور چین کی طرف سے پنجاب میں مینوفیکچرنگ یونٹ لگائیں اور میری کوشش ہو گی کہ ایک لاکھ الیکٹرک بائیک مفت طلبا و طالبات کو آئندہ سال دوں ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ کو شاباش دیتی ہوں جنہوں نے دن رات ایک کر کے اس خواب کو ایک حقیقت بنایا اور 100 فیصد میرٹ پر سکالرشپس دیئے گئے ۔یہ تعلیمی وظائف محنتی ، ہونہار اور تعلیمی اخراجات کا بوجھ برداشت نہ کر سکنے والے طلبا کو دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یقین دلاتی ہوں کہ بچوں کی امانت میں کوئی خیانت نہیں ہو گیمیریم نواز شریف نے کہا کہ چین میں ایک سکول میں جانے کا اتفاق ہوا جہاں کلاس پنجم کے بچے مصنوعی ذہانت ، سائبر سکیورٹی ، مشین لرننگ پڑھ رہے تھے۔اس سب نے مجھے بہت متاثر کیا اور میں وعدہ کر کے آئی تھی دنیامیں جتنے بھی گلوبل ٹرینڈز اور ڈسپلن ہیں جنہیں پڑھ کر لوگ آگے بڑھ رہے ہیں اور نام پیدا کر رہےہیں ، وہ تمام چیزیں پنجاب میں طلبا کے لئے لے کر آئوں گی تاکہ ہمارے بچے ،ہمارے طلبا وطالبات کسی سے کم اور کسی سےپیچھے نہ رہیں ۔انہوں نے کہا کہ صرف ڈگریاں حاصل کرنامقصد نہیں بلکہ طلبا کواپنے والدین کا سہارا بننا ہے اور اس کے لئے ہماری کوشش ہو گی کہ ایسے پروگرام لائیں تاکہ بچے اپنا باعزت روزگار کما سکیں۔اپنے پیروں پر کھڑا ہو کر والدین کا سہارا اور قوم کا اثاثہ بنیں۔ انشا اللہ جنوری 2025 سے ایسی سکیم لے کر آ رہی ہوں جس سے 3طلبا کو باعزت روزگار کمانے کے لئے کروڑ روپے تک کا آسان شرائط پر قرض دیاجائےگا۔انہوں نے کہا کہ بطور ماں اور بطور پاکستانی آپ سے بات کرنا چاہتی ہوں کہ روزانہ 5 سے 10 منٹ اس سوچ پر صرف کریں کہ آپ ملک کے لئے کیا کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان اور یہ بچے اس ملک کے مشعل بردار ہیں اور ہم جہاں بھی جائیں ہماری شناخت اس دھرتی، اس ملک اور اس مٹی کی وجہ سے ہے، اس لئے یہ سوچنا ہمارا فرض ہے کہ جس ملک نے ہمیں عزت دی اس کے لئے ضرور سوچیں، آپ میرا شکریہ مت ادا کریں مگر اس ملک کا ضرور سوچیں جس نے آپ کو نام اور وقار اور پہچان دی ہے۔ والدین کبھی بھی اپنے بچوں کو نہیں کہہ سکتے کہ جلا دو، توڑ دو، پٹرول بم پکڑ لو اور انتشار پھیلائو۔ انہوں نے کہا کہ انتشار پر اکسانے والوں کے اپنے بچے گھروں میں آرام سے بیٹھے ہوں اور قوم کے بچے نتائج بھگت رہے ہیں جو آپ کو گالم گلوچ، الزام تراشی اور پگڑیاں اچھالنا سکھائے وہ آپ کا ہمدرد نہیں ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ سیاسی مخالفت کی بنیاد پ میری کردار کشی کی گئی ، سیاسی مخالفت اور طوفان بد تمیزی کی پرواہ کئے بغیر عوام کی ترقی کے لئے آگے بڑھ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ والدین کی عزت اور تکریم ہمارا فرض ہے، نوجوان اس ملک کا اثاثہ ہیں اور آپ کے تشکر اور وفائوں کا حقدار ملک پاکستان ہے، کبھی ملک کے خلاف کوئی قدم نہ اٹھائیں، آگے بڑھتے جائو اور پڑھتے جائو، میں آپ کے ساتھ کھڑی ہوں۔بین الاقوامی سکالرشپس پر بھی کام کر رہی ہوں، میں چاہتی ہوں کہ ہمارے بچے بھی بیرون ملک تعلیم کے حصول کے لئے جائیں، فنائو کے نام سے نواز شریف آئی ٹی سٹی لاہور میں ایجوکیشن سٹی بنانے جا رہے ہیں جس میں پاکستان کی پہلی مصنوعی ذہانت یونیورسٹی بننے جا رہی ہے اور تمام دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں سے بات کر رہے ہیں کہ وہ آئیں اور اپنے کیمپس لاہور میں کھولیں تاکہ ہمارے بچوں کی کوالٹی ایجوکیشن تک رسائی ہو۔ انہوں نے کہاکہ میری، آپ کے والدین اور قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں، مل کر اس پاکستان کو آگے بڑھائیں گےمریم نواز شریف نے کہاکہ ملک کی معیشت بہتر ہو رہی ہے، ملک مسائل سے نکلتا دکھائی دے رہا ہے، ہر روز اچھی خبر یں آ رہی ہیں، غیر ملکی زر مبادلہ کے زخائر بڑھ رہے ہیں، سٹاک مارکیٹ پہلی بار ایک لاکھ پوائنٹس عبور کر گئی ہے، چین کے بزنس ہائوسز پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، انہیں بھی سہولت دے رہے ہیں، دنیا آپ کی طرف دیکھ رہی ہے، آپ کا ہر قدم اس ملک کو مضبوط اور خوشحال بنانے کے لئے ہونا چاہئے، آئیں عہد کریں کہ اس ملک کے خلاف کبھی کوئی قدم نہیں اٹھائیں گے، اس ملک کی ترقی میں سب اپنا اپنا کردار ادا کریں گے۔