اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی صدارت میں حکومتی اور حزب اختلاف کی مذاکراتی کمیٹیوں کا پہلا ان کیمرہ اجلاس پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں حکومتی کمیٹی کےنائب وزیراعظم اسحاق ڈار، مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ ،سینیٹر عرفان صدیقی،سابق سپیکر راجہ پرویز اشرف، سید نوید قمر، ڈاکٹر فاروق ستار، علیم خان جبکہ حزب اختلاف کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی میں سابق سپیکر اسد قیصر ،صاحبزادہ حامد رضا اور سینیٹر علامہ ناصر عباس شامل تھے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے حکومت اور حزب اختلاف کی مذاکراتی کمیٹی کے اراکین کو اجلاس میں شرکت پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے مابین مذاکرات کا عمل نیک شگون ہے، مذکرات کا عمل جمہوریت کا حسن ہے۔سپیکر نے حکومت اور حزب اختلاف کے اراکین کو مذاکراتی کمیٹی تشکیل دینے کے عمل کو خوش آئند قرار دیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کا مل بیٹھنا جمہوریت کو مضبوط بنائے گا،جمہوریت میں مذکرات ہی سیاسی مسائل کا واحد حل ہیں، یہ ملک ہمارا اور ہمیں عوام نے منتخب کر کے اپنے مسائل کے حل کیلئے بھیجا ہے، پارلیمان 24 کروڑ عوام کا منتخب ادار ہے اور عوام کو پارلیمان سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ بطور عوامی نمائندے ہم نے عوام کے مسائل کا حل تلاش کرنا ہے،حکومت اور اپوزیشن کے مابین خوشگوار تعلقات سے ملک کے مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کیا جا سکتا ہے، ملک کی معاشی ترقی کا دارومدار سیاسی استحکام پر ہے، ملک کی موجودہ صورتحال سیاسی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا تقاضا کرتی ہے۔