اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انسانی وقار اور مساوات کے غیر معمولی وکیل اور عظیم عالمی رہنماءنیلسن منڈیلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیلسن منڈیلا آزادی، امن اور سماجی انصاف کے حصول کیلئے جرات، ہمدردی اور عزم کی مثال ہیں،دنیا کو سب کےلئے انصاف پسند، ہمدرد، خوشحال اور پائیدار بنانے کیلئے ہمیں نیلسن منڈیلا کے وژن سے سبق حاصل کرنا چاہئے ۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے پیر کو جنوبی افریقن رہنماءنیلسن منڈیلا کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میںکہا کہ نیلسن منڈیلا ایک بااصول رہنماءتھے،آزادی کیلئے وہ اپنی جان بھی قربان کرنے کے لیے تیار تھے، بڑی مشکلات کے باوجود انہوں نے انتہائی ہمت اور لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے ثابت کیا کہ ہم سب میں نسل پرستی، امتیازی سلوک اور عدم مساوات کے خلاف لڑنے کی صلاحیت موجود ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ نیلسن منڈیلا نے اپنے ملک میں نسلی امتیاز پر مبنی نظام کے خلاف لڑنے پر 27سال جیل میں گزارے، جنوبی افریقا کے صدر کی حیثیت سے انہوں نے معافی اور مفاہمت پر زور دیا، قومی مفاہمت کی پیروی کی اور بھاری اکثریت کے باوجود جنوبی افریقا کی سفید فام آبادی کے خلاف عدم امتیاز کی یقین دہانی کرائی۔ صدر مملکت نے کہا کہ آئیے ہم نیلسن منڈیلا کی مثال اور ان کے وژن سے سبق حاصل کریں، نفرت کے خلاف آواز اٹھائیں اور انسانی حقوق کے لیے کھڑے ہوں تاکہ دنیا کو سب کے لیے زیادہ انصاف پسند، ہمدرد، خوشحال اور پائیدار بنایا جاسکے۔