اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے کی کوشش کی شدید مذمت کی۔ ہفتہ کو وزیراعظم آفس کےمیڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے 16 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے شہدا کی بلندی درجات کی دعاکی اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیاانہوں نے فتنتہ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ سیکیورٹی فورسز ملک کی حفاظت کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی مانند دہشت گردوں کے سامنے کھڑی ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔