لاہور(نمائندہ خصوصی)ورکنگ ویمن کے قومی دن پر ہم اپنے معاشرے کی تعمیر اور ملک کی معاشی ترقی کو آگے بڑھانے میں پاکستان کی خواتین کے اہم کردار اور شراکت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ خواتین ہماری آبادی کا نصف سے زیادہ ہیں اور ہمارے ملک کے مستقبل کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ جیسا کہ ہماری قوم کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح نے بجا طور پر فرمایا تھا کہ ’’کوئی قوم اس وقت تک عظمت کی بلندی پر نہیں پہنچ سکتی جب تک کہ تمہاری عورتیں تمہارے شانہ بشانہ نہ ہوں” آج، ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان میں خواتین کو ملک کی ترقی میں بہترین کارکردگی اور کردار ادا کرنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ خواتین تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال سے لے کر کاروبار اور عوامی خدمت تک مختلف شعبوں میں قائدانہ عہدوں پر نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ خواتین کی خدمات پیشہ ورانہ میدان کے علاوہ خاندانوں کی پرورش اور آنے والی نسلوں کو پروان چڑھانے کے حوالے سے ناگزیر ہیں۔خواتین کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے، حکومت نے کام کرنے والی خواتین کی مدد کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں، جن میں خواتین میں کاروباری صلاحیت کو فروغ دینے کے لیے نوجوانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی، خواتین کی تعلیم اور کھیلوں کی ترقی کے لیے انڈومنٹ فنڈ کا قیام شامل ہیں۔ مزید برآں خواتین کی دوہری ذمہ داریوں میں ان کو مدد فراہم کرنے کے لیے اداروں میں ڈے کیئر مراکز کا قیام بھی ہر ادارے کے لئے لازم قرار دیا گیا ہے ۔ ہم نے خواتین کی مہارت اور قابلیت کو بڑھانے کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام بھی شروع کیے ہیں، تاکہ ان کو بااختیار بنایا جا سکے اور وہ سرکاری اور نجی اداروں میں اعلیٰ عہدوں تک پہنچ سکیں۔ہماری حکومت ایک ایسے مستقبل کے لئے کام کر رہی ہے جہاں خواتین کے کے لیے اعلیٰ عہدوں تک پہنچنا معمول ہو۔آئیے ہم کام کرنے والی خواتین کو درپیش چیلنجوں کو کم کرنے اور خواتین کے لیے کام کا ایسا ماحول فراہم کرنے کا عہد کریں جہاں وہ ترقی کر سکیں۔ ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ہم اس بات کو یقینی بنا سکتے ہیں کہ خواتین پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتی رہیں گی۔