: کراچی(نمائندہ خصوصی)تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے وفاقی وصوبائی وزراء‘ قومی اسمبلی‘ سینیٹ اور تمام صوبائی اسمبلیوں کے اراکین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی طرح حکومتی امور میں استعمال ہونیوالی گاڑی‘ پیٹرول‘ گارڈ سمیت تمام اخراجات ذاتی جیب سے کریں کیونکہ وہ تمام ارب پتی لوگ ہیں اور انہیں سرکاری امور کی انجام دہی کے لئے کسی سرکاری خرچ کی محتاجی نہیں ہے۔ عبدالعلیم خان نے ملک و قوم کی خاطر بہت احسن طریقہ کار اختیار کیا ہے جس کے متعلق انہوں نے پریس کانفرنس میں بھی بتایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری امور کی انجام دہی کے لئے ارب پتی سیاستدان ذاتی جیب سے حرچ کا رواج ڈالیں اس طرح سے ملک کو معاشی استحکام حاصل ہوگا اور پاکستان معاشی ایٹم بم بن سکے گا۔انہوں نے کہا کہ فرسودہ انتخابی نظام رائج ہے جس میں منتخب ہونے کے لئے امیدوار کروڑوں روپے خرچ کرتے ہیں اور اقتدار کے ایوانوں تک پہنچتے ہیں۔ کوئی عاجز عام آدمی سیاست میں حصہ نہیں لے سکتا۔ دولت مندوں کا سیاست پر قبضہ ہے اور ملک کے وسائل دولت مندوں کے قبضے میں ہیں۔ موجودہ فرسودہ نظام میں عام آدمی کا کوئی پرسان حال نہیں اورعاجز دن بدن بدتر حالات کا شکار ہوتا چلا جارہا ہے۔ سیاست میں خرچ کئے گئے کروڑوں روپے اقتدار میں آنے کے بعد منافع سمیت وصول کرنے کا رواج ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اب عام عاجز آدمی کو روزگار‘ وسائل‘ تعلیم و صحت کی سہولیات فراہم کرنے اور کسان کو زیادہ سے زیادہ مراعات کی فراہمی کے لئے تمام تر ملکی وسائل کا استعمال کیا جائے اور تمام اہل اقتدار اور ایوانوں میں موجود دولت مند لوگ اپنے ذاتی جیب سے حکومتی امور میں خرچ کرنے کا رواج ڈالیں تاکہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عبدالعلیم خان کی تقلید کرتے ہوئے تمام ایوانوں میں موجود دولت مند لوگ رضاکارانہ طور پر حکومتی امور میں تمام اخراجات ذاتی جیب سے کرنے کا اعلان کریں گے۔