لاہور(نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انسانی یکجہتی کے بین الاقوامی دن پراپنے پیغام میں کہاہے کہ یکجہتی، ہمدردی اور مساوات کا قیام ہی ایک بہتر اور پرامن معاشرے کی بنیاد ہے-انسانی یکجہتی سے ہی غربت، ناانصافی اور معاشرتی ناہمواری کاخاتمہ ممکن ہے -وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ حکومت پنجاب انسانی خدمت کے اصولوں پر عمل پیرا ہے۔ پنجاب حکومت کی تمام تر پالیسیز اور منصوبے انسانیت کی خدمت اور کمزور طبقات کی فلاح کے لیے وقف ہیں۔ ہر طبقے کو ترقی میں شامل کر کے یکجہتی، بھائی چارے اور سماجی انصاف کے اصولوں کو فروغ دے رہے ہیں -وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ ایسے معاشرے کی تشکیل کیلئے دن رات کوشاں ہیں جہاں ہر شخص کو برابری کے مواقع میسر ہوں۔ رنگ، نسل، مذہب اور قوم سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت میں اپنا کردار ادا کریں –