کراچی:پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پاکستانی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپیئن رشید الحسن پر10 سال کی پابندی عائد کر دی، رشید الحسن نے پابندی کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری آصف باجوہ نے ہاکی ٹیم کے سابق کپتان رشید الحسن پرپابندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پابندی حکومت پاکستان کی ہدایت پرعائد کی گئی ہے۔
آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ رشید الحسن جونئیر نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے بھیجے گئے شوکاز نوٹسز کا بھی جواب نہیں دیا۔
آصف باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے رشید الحسن کے ریمارکس کا سخت نوٹس لیا ہے۔ رشید الحسن جونئیرپرٹی وی پروگرامز میں شریک ہونے سے روکنے کے لئے پیمرا کوبھی خط لکھ دیا گیا ہے۔
اولمپئین رشید الحسن کا 10 سال کی پابندی کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان
اولمپئین رشید الحسن نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف بیان دینے پر دس سال کی پابندی کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 1984 کے لاس اینجلز اولمپکس کی گولڈ میڈلسٹ پاکستان ہاکی ٹیم کے رکن اولمپئین رشیدا لحسن نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے الفاظ پر قائم ہوں، عمران خان نے بطور وزیر اعظم کوئی وعدہ پورا نہیں کیا، پاکستان ہاکی فیڈریشن کی طرف سے پابندی کا فیصلہ درست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی ہدایات پر پابندی عائد کرنا غلط ہے، میں نے عمران خان کے خلاف کوئی توہین آمیز بیان نہیں دیا،انصاف کے لیے عدالت سے رجوع کیا جائے گا، قانون کا دروازہ کھٹکٹاوں گا۔