اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاک بحریہ کے 29ویں اینٹی سب میرین وارفیئر اسکواڈرن کے اے ٹی آر ایئر کرافٹ نے دالامان، ترکی، میں مشق ماوی بالینہ 2024 میں حصہ شرکت کی۔مشق ماوی بالینہ (MAVI BALINA) ترکی کی زیر قیادت ملٹی نیشنل اینٹی سب میرین وارفیئر (ASW) مشق ہے، جس میں 30 سے زیادہ بحری اثاثوں بشمول بحری جہازوں، آبدوزوں، ہوائی جہازوں، ہیلی کاپٹرز اور UAVs نے حصہ لیا۔ اس سال کی مشق مشرقی بحیرہ روم میں منعقد کی گئی؛ جس کا مقصد سب میرین آپریشنز اور اینٹی سب میرین وارفیئر طریقہ کار میں مہارت حاصل کرنا تھا ۔اس سال ترکیہ کے بحری فوج کے علاؤہ ترکیہ ائیر فورس اور سپیشل آپریشن فورسز کے متعدد اثاثوں نے نیٹو، امریکہ، پاکستان، یونان اور آذربائجان کی بحری افواج اور اسپیشل آپریشن فورسز کے دستوں ساتھ اس وسیع مشق میں حصہ لیا۔پاک بحریہ مشق ماوی بالینہ میں باقاعدگی سے حصہ لیتی ہے۔ مشق کے ہاربر فیز کے دوران پاکستان اور دیگر شریک بحری افواج کے درمیان ہونے والی سرگرمیوں میں باہمی دورے، ٹیبل ٹاپ ڈسکشنز اور پلاننگ سیشنز شامل تھے؛ جس کے بعد سمندر میں مختلف اور طویل دورانئے کی اینٹی سب میرین آپریشنز کی مشقیں کی گئیں۔پاک بحریہ کی مشق ماوی بالینہ میں باقاعدگی سے شرکت؛ دونوں برادر ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات اور عالمی بحری افواج کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے غیر متزلزل عزم کو واضح کرتی ہے۔ اس طرح کی مشترکہ سرگرمیاں خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینے میں اہم کرداراد کرتی ہیں۔