اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف 18 سے 20 دسمبر تک مصر کا سرکاری دورہ کریں گے، وہ قاہرہ میں منعقد ہونے والے ترقی پذیر آٹھ ممالک (ڈی ایٹ) کے 11 ویں سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق سربراہ اجلاس سے قبل نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار 18 دسمبر کو ڈی ایٹ کے وزراء کونسل کے 21 ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔بیان کے مطابق 11ویں ڈی ایٹ سمٹ کا تھیم "نوجوانوں میں سرمایہ کاری اور ایس ایم ایز کو سپورٹ کرنا: کل کی معیشت کی تشکیل”ہے۔ سربراہ اجلاس میں وزیراعظم ایک مضبوط اور جامع معیشت کی تعمیر کے لیے نوجوانوں اور ایس ایم ایز میں سرمایہ کاری کی اہمیت، ملازمتیں پیدا کرنے، جدت کو آگے بڑھانے اور مقامی انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے پر زور دیں گے۔وہ ڈی ایٹ کے نظریات کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اظہار، باہمی فائدے اور خوشحالی کے لیے شراکت داری کو فروغ دینے سمیت زراعت، خوراک کی حفاظت اور سیاحت میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی زور دیں گے۔ وزیراعظم نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور مالیاتی ترقی کے لیے پاکستان کی ترغیبات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔ وہ مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر غور و خوض کے لیے غزہ اور لبنان میں انسانی بحران اور تعمیر نو کے چیلنجز پر ڈی ایٹ کے خصوصی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔وزیراعظم فلسطین کی صورتحال پر پاکستان کے اصولی موقف کو اجاگر کریں گے اور مشرق وسطیٰ میں قیام امن پر زور دیں گے۔ سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی اجلاس میں شرکت کرنے والے رہنمائوں سے دو طرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں۔