اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی دورہ سعودی عرب کیلئے ریاض پہنچ گئے ۔سعودی وزیر مملکت برائے داخلہ ڈاکٹر خالد محمد عبداللہ البتال اور سعودی عرب میں پاکستانی سفیر احمد فاروق نے وزیرداخلہ محسن نقوی کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔وفاقی وزیرداخلہ نے سعودی وزیر مملکت برائے داخلہ ڈاکٹر خالد محمد عبداللہ البتال سے باہمی دلچسپی کے امور اور پاک سعودیہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا ۔ وفاقی وزیرداخلہ نے 2034 کی فیفا کی میزبانی سعودی عرب کو ملنے پر سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد دی۔وزیرداخلہ نے فٹبال ورلڈ کپ 2034 کے حوالے سے سعودی عرب کے لئے نیک خواہشات کااظہارکیا انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا سب سے بااعتماد دوست اسلامی ملک ہے،ہر پاکستانی کو اس دوستی پر ناز ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سعودی عرب میں ہمیشہ بہت پیار اور خلوص ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 نے ترقی و خوشحالی کی تاریخ رقم کی ہے۔اس موقع پر سعودی وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات ہیں اور دورہ سعودی عرب کے دوران اہم ملاقاتوں کے حوالے سے باہمی تعلقات میں مزید بہتری کے منتظر ہیں ۔