اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ صدر مملکت نے مدارس بل پر جو اعتراض لگائے وہ قانونی و آئینی ہیں۔ ہفتہ کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ”ایکس“ پر اپنی ایک پوسٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اعتراضات میں نہ تو فیٹف کا ذکر ہے اور نہ ہی کوئی تعلق، قانونی اور آئینی معاملات پر سیاست کرنا کسی کے حق میں نہیں۔مدارس کی رجسٹریشن کو فیٹف سے جوڑنا بے سروپا تخیّل اور خیال آرائی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی کا طریقہ کار آئین میں واضح ہے، صدر نے آئینی اعتراضات لگائے ہیں اور ان کی تصحیح بھی آئینی طور پر پارلیمان سے ہوئی ہے۔ اس معاملے پر غیر ضروری بیان بازی اور تنقید برائے تنقید سے صدر مملکت اور پارلیمنٹ کے اختیارات کو ہدف بنانے سے گریز کرنا چاہئے۔