سرینگر:(نیوز ڈیسک )غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی جموں و کشمیر کے ریاستی درجہ اور خصوصی حیثیت کی بحالی اور سیاسی قیدیوں کی رہائی جیسے اہم مسائل کو اٹھانے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے سرینگر میں پارٹی کی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی جمہوری اور آئینی طریقوں سے ان مسائل کو حل کرنے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔انہوں نے سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے کوششوں کی اہمیت پر بھی زوردیا جن میں سے زیادہ تر کو اگست 2019میں جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد نظر بندکیاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ یہ لوگ محض سیاسی قیدی نہیں بلکہ عوام کی آواز ہیں جنہیں اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہونے پر خاموش کیاگیاہے۔ ان کی رہائی اعتماد سازی اور امن کی فضا پیدا کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔ڈی ایف پی سربراہ نے جموں و کشمیر کے آئینی حقوق کی بحالی کے لئے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے خطے کے منفرد چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے دیگر جماعتوںمیں سیاسی عزم کے فقدان پر تنقید کی۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی ریاستی حیثیت اور دفعہ370کی بحالی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی جس میں جموں و کشمیر کو خصوصی حیثیت دی گئی ہے۔