واشنگٹن۔(نمائندہ خصوصی)امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نےرکن کانگریس اور خارجہ امور کمیٹی کے نو منتخب چیئرمین برائن ماسٹ سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ فلوریڈا سے رکن کانگریس برائن ماسٹ کو حال ہی میں ریپبلکن سٹیئرنگ کمیٹی کا سربراہ منتخب کیا گیا ہے ۔پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ہم نے وسیع تر اقتصادی تعاون کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے بارے پر امید گفتگو کی اور ابھرتے عالمی منظر نامے میں پاک امریکا تعاون اور شراکت داری کو آگے بڑھانے کے امکانات اور راہیں تلاش کیں۔ انہوں نے بتایا کہ برائن ماسٹ نے پاکستان کی جیو پولیٹیکل اور جیو اکنامک اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تعاون ہی آگے بڑھنے کا بہترین راستہ ہے۔پاکستانی سفیر خارجہ امور کمیٹی کا چیئرمین منتخب ہونے پر ان کو مبارک باد دی اور ان کی نئی ذمہ داریوں کے حوالہ سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔