کراچی (نمائندہ خصوصی)کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری انیسویں کراچی بین الاقوامی کتب میلے کے پہلے روز صبح سے ہی طلبہ و طالبات اور شائقین کتب بڑی تعداد میں پہنچ گئے۔ طلبہ و طالبات نے نصابی اور درسی کتب کے علاوہ تاریخی اور کہانیوں کی کتب میں گہری دلچسپی لی۔ اسکول و مدرسہ کے ہزاروں طلبہ بسوں اور وین کے ذریعہ کتب میلے میں شریک ہوئے۔ شہریوں کی بڑی تعداد میں آمد سےپارکنگ کی جگہ تقریبا بھر چکی تھیں ۔ پبلشرز کی جانب سے کتب پر 30فیصد سے 70فیصد تک رعایت دی جارہی ہے۔ منتظمین کی جانب سے کیشن وین میں اے ٹی ایم کی سہولت مہیا کی گئی تھی ۔ کتب میلے کا افتتاح وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کیا ۔ تقریب میں ادیبہ و شاعرہ فاطمہ حسن، ادیب و شاعر سحر انصاری، روس کے کونصلیٹ جنرل اوررشین ہاوس کے ڈائریکٹر ُرسلان رکوف، چیئرمین فیڈریشن آف پرائیوٹ اسکولز محمد علیم قریشی، چیئرمین پاکستان پرائیوٹ اسکولز انور علی بھٹی، طارق پرائیوٹ اسکول مینجمنٹ ایسوسی ایشن، ادیب قاضی اسد عابد، بانی رکن اور صدر پاکستان اکیڈمک کنسورشیم ناصر زیدی، منیجنگ ڈائریکٹر اکیڈمی سندھ سعد بن عزیز، لائٹری کنٹربیوشن اردو فراست رضوی سمیت سماجی، ادبی اور تعلیمی شخصیات شریک ہوئیں ۔