سری نگر(مانیٹرنگ ڈیسک ): بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں منعقدہ ایک سیمینار کے مقررین نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں اور وہ انکی نسل کشی کر رہا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ حریت کانفرنس اور سول سوسائٹی کے ارکان نے سری نگر میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار کے مقررین نے کہا کہ بھارت حق خود ارادیت کے کشمیریوں کے مطالبے کو دبانے کے لیے ان پر فوجی طاقت کا وحشیانہ استعمال کر رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت کی طرف سے علاقے میں جاری عالمی قوانین اور اصول و ضوابط کی سنگین خلا ف ورزیوں کا نوٹس لے۔مقررین نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی خاموشی افسوسناک ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر میں بھارتی جارحیت، علاقے پر اسکا غیر قانونی قبضہ اور نہتے کشمیریوں پر جبر و استبداد عالمی برادری کیلئے لمحہ فکریہ ہے ، مودی حکومت علاقے میں ہندوتوا ایجنڈے پر عمل پیرا ہے جسے وہ اپنے مقرر کردہ لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعے آگے بڑھا رہی ہے۔ مقررین نے کہا کہ کشمیریوںکو گھروں، زمینوں اور املاک سے محروم کر کے انہیں اپنے ہی وطن میں اجنبی بنایاجا رہا ہے۔ بھارتی فورسز کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی مسلسل کارروائیاں، گھروں پر چھاپے، گرفتاریاں، تشدد، اور املاک کی ضبطی ایک معمول بن چکا ہے۔مقررین نے کہا کہ علاقے میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال عالمی برادری کی فوری توجہ کی متقاضی ہے۔KMS-