اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی)فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل نے ” انسانی حقوق سب کیلئے ، کشمیر کی آواز دنیا تک پہنچائیں“ کے عنوان سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار کی نظامت فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کے نائب چیئرمین عبدالحمید لون نے کی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سینیٹر مشاہد حسین سید نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اگلے برس( 2025) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میںبطور مبصر رکنیت حاصل کرے گا لہذا اسے چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اوراس حوالے سے بین الاقوامی حمایت حاصل کرنے کے لیے اس موقع سے فائدہ اٹھائے۔پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی طرف توجہ مبذول کرائی۔ انہوں نے اپنے شوہر محمد یاسین ملک کی حالت زار کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے تعاون کی اپیل بھی کی جو نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں بند ہیں۔ سینٹر فار انٹرنیشنل اسٹریٹجک اسٹڈیز آزاد جموںوکشمیرکی ریسرچ آفیسر طیبہ خورشیدنے کہا کہ مودی حکومت بھارت اور مقبوضہ جموںوکشمیر میں مسلمانوں کے خلاف کالے قوانین کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے ایک مربوط حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھیانک بھارتی چہرے کو بے نقاب کرنے میں نوجوان سوشل میڈیا کے ذریعے ایک اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ عبدالحمید لون نے کہا کہ اقوام متحدہ کا انسانی حقوق کا عالمی چارٹر انسانی حقوق کے حوالے سے ایک مکمل پیکیج ہے مگر بھارت اس چارٹر کی دھجیاں اڑا رہا ہے جو افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ہمیں بھرپور طریقے سے آواز بلند کرنی چاہیے۔ پاکستان ٹیلی ویژ ن ( پی ٹی وی ) کے سینئر اینکر یاسر رحمان نے تنازعہ کشمیر کے کثیر جہتی پہلوو¿ں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ دنیا جموںوکشمیر کو ایک متنازعہ علاقہ تسلیم کرتی ہے ، بھارت اپنے غیر قانونی اقدامات کے ذریعے اسکی متنازعہ حیثیت ہرگز متاثر نہیں کر سکتا۔ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ کے صدر مزمل ایوب ٹھاکر نے کہا کہ تارکین وطن کشمیری اورپاکستانی کشمیر کاز کیلئے ایک اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ سیشن کا اختتام فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کی چیئرپرسن غزالہ حبیب کے کلمات پر ہوا۔انہوں نے مقررین کا شکریہ ادا کیا اور مسئلہ کشمیر کو متعدد پلیٹ فارمز پر اٹھانے کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی کے لیے ایک ایکشن کمیٹی کے قیام کی تجویز پیش کی۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیری سیاسی نظر بندوں آسیہ اندرابی ، شبیر احمد شاہ و دیگر کی رہائی کیلئے کردار ادا کرے۔سیمینار سے کل جماعتی حریت کانفرنس آزادجموںوکشمیرشاخ کے جنرل سیکرٹری پرویز احمد شاہ نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ دنیا کا سب کا بڑا نام نہاد جمہوری ملک بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کر رہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بے لگام بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کیلئے علاقے میں جبر و استبداد کی کارروائیوں میں تیزی لائی ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنما منظور احمد شاہ نے کہا کہ بھارت کی تما م تر چیرہ دستیوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنی منصفانہ جدوجہد کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں۔