کراچی(وقائع نگار خصوصی)ادارہ ترقیات کراچی میں مشکوک اور پراسرار سرگرمیوں کا انکشاف،کے ڈی اے نے اپنی شناخت چھپانا شروع کردی،اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کی موبائلوں سے ادارے کا مونو گرام اور ناموں کو صاف کردیا گیا،کے ڈی اے کی موبائلوں کے ذریعے مبینہ غیر قانونی کاموں کی اطلاعات پر ڈی جی کا نوٹس،گاڑیاں رات کو سوک سینٹر میں کھڑی کرنے کے احکامات دیدئے۔تفصیلات کے مطابق ادارہ ترقیات کراچی محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کیلئے حال ہی میں خریدی گئیں دو موبائلوں سمیت دیگر پرانی موبائلوں سے اچانک ادارے کا مونو گرام اور محکمے کے نام کو مٹادیا گیا ہے جس پر کے ڈی اے کے سینئر افسران کا حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہنا ہے کہ مذکورہ موبائلوں کے ذریعے کرپٹ مافیا شہر میں غیر قانونی سرگرمیوں میں مبینہ طورپر مصروف ہے،تاہم شناخت سے بچنے کیلئے موبائلوں سے ادارے کا مونوگرام اور نام کو صاف کردیا گیا ہے،کے ڈی اے سیکریٹریٹ کے ذمہ دار زرائع نے انکشاف کیا ہے کہ حال ہی میں خریدی گئیں دو موبائلوں پر ادارے نے باقاعدہ کے ڈی اے کا مونوگرام اور محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کے نام کے اسٹیکرز چسپاں کرکے دیئے تھے،تاہم اچانک کے ڈی اے کی چاروں موبائلوں سے مذکورہ مونو گرام اور ناموں کو کھرچ کر صاف کیا گیا ہے،ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کے ڈی اے کی موبائلوں کے ذریعے شہر میں تجاوزیں،ٹھیلے پتھارے والوں،نرسریز، سمیت قابضین کو ہراساں کرکے افسران مبینہ طور پر مک مکا کرنے میں مصروف ہیں جس کا ڈی جی کے ڈی اے الطاف گوہر میمن کو ملنے والی شکایات پر ڈی جی نے رات میں موبائلیں افسران کو گھر لیجانے پر پابندی عائد کی ہے اور سوک سینٹر میں موبائلیں کھڑی کرنے کا حکم دیا ہے،تاہم ادارے کی شناخت چھپائے جانے کے واقعے کو ادارے کے افسران کرپٹ مافیا کی پراسرار اور مشکوک سرگرمی قرار دے رہے ہیں۔