لاہور(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا اب کوئی مستقبل نہیں ،اقلیتی برادری کے حقوق کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے ،ملکی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہو چکی ہے ،سول نافرمانی کی تحریک بھی بری طرح ناکام ہو گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں بہار کالونی چرچ گرائونڈ میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب و میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اسلام آ باد میں چڑھائی کا منصوبہ بری طرح ناکام ہوا، بانی پی ٹی آئی اور اس کی فسادی جماعت کا اب کوئی مستقبل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے لاشوں پر سیاست کی جا رہی ہے اور لاشوں کا جھوٹا بیانیہ بنایا جا رہا ہے ،لاشوں کی سیاست کرنا پی ٹی آئی کا اصل وطیرہ ہے،عوامی مسائل سے فتنہ پارٹی کو کوئی سروکار نہیں ، اس نے ہمیشہ جلائو گھیرائو کی سیاست کو فروغ دیا ہے اور ملک میں افراتفری پھیلائی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اسلام آ باد میں دھرنے کی ناکامی کے بعد اب ملک میں سول نافرمانی کی تحریک چلانے کی دھمکی دے رہے ہیں جو ماضی کے پراپیگنڈوں کی طرح بری طرح فلاپ ہو گی کیونکہ عوام اب نفرت اور تشدد کی سیاست کو مسترد کر چکے ہیں ۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتی برادریوں کو مکمل مذہبی آ زادی حاصل اور ان کے حقوق کا تحفظ ہماری اولین تر جیح ہے ،ہم کرسمس کے موقع پر مسیحی بھائیوں کو مبارک باد دیتے ہیں، ان کی خوشیوں میں دل کھول کر حصہ لیں گے، اس حلقے میں ایک شاندار کرسمس ٹری بھی لگے گا۔انہوں نے کہا کہ آپ کی ہر خوشی اور غم میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں گا، میں خود آکر کرسمس ٹری کو روشن کروں گا،آپ کی خوشیوں میں شریک ہوں گے،پاکستان کے قیام میں اقلیتوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں اور پاکستان کی ترقی وخوشحالی میں اقلیتوں کا بڑا اہم کردار رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہارون ولیم نے پاک فوج میں رہتے ہوئے ملک کیلئے جان قربان کی، سیسل چوہدری مرون مڈل کوٹ جیسے لوگ پاکستان کی نمائندگی کرتے رہے، کرسچن کمیونٹی نے دنیا کے بہترین فائٹر پائلٹ پیدا کئے جس طرح تمام کمیونیٹیز اپنا کردار ادا کررہی ہیں ،اسی طرح ہم سب کو پاکستان کی ترقی کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، اقلیتوں کے تحفظ کی آواز مرتے دم تک اٹھائوں گا۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا ساتھ دو گے تو امن کا ساتھ دو گے ، تشدد ، انتشار اور تقسیم کو انکار کرنا ہوگا،اس ملک میں تشدد و انتشار نہیں ہو سکتا جہاں ہوگا وہاں سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہوں گے۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت درست سمت گامزن اورملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے ،مہنگائی کی شرح 4 فیصد سے بھی کم ہو گئی ہے ، بیرونی سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں جس سے ملک میں بیروزگاری میں کمی اور ملک کی ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حلقے کے عوام کے ووٹوں سے ایم این اے و وفاقی وزیر بنا تو وہیں کا ہوکر رہ جائوں تو فیصلہ کیا کہ ہمیشہ آپ کے درمیان رہوں گا،یہ ملک ہے تو ہماری سیاست و وزارت ہے ،ہمیں اس ملک کی بات کرنی ہے، میں جس فورم پر جاتا ہوں امریکہ سے برطانیہ سے مشرق وسطی تک ہمیشہ اپنا تعارف کرایا کہ اس حلقے سے تعلق رکھتا ہوں جہاں ستر ہزار مسیحی رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی بات کرنا میرا فرض ہے کسی بھی ظلم ، تشدد و نفرت کے خلاف آواز اٹھانا اپنا فرض سمجھتا ہوں، ملک پاکستان اللہ کی بڑی نعمت ہے، اس کی حفاظت و ترقی میں ہم سب نے مل کر حصہ ڈالنا ہے۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ غیر سنجیدہ کال اسی کے دماغ میں ہوتی ہے جس نے دی ہوتی ہے،سول نافرمانی کی کال شرمناک ہے،لوگ چاہتے ہیں کہ انہیں روز گار ملے ، گیس و بجلی آئے، بانی پی ٹی آئی جو مرضی کرلیں ان کی دال نہیں گلنے والی، یہ انتشار کرنا چاہتے ہیں، انتشار نہیں کرنے دیں گے۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ لطیف کھوسہ نے دو سو اٹھتر لاشوں کی بات کی ہے تو ان کے گھر سے لاشیں اکھٹی کر یں، لطیف کھوسہ کو اب سیاست نہیں بلکہ آرام کرنا چاہیے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل ہورہا ہے،کے پی کے حکومت صوبے میں امن و امان لانے کیلئے سنجیدہ نظر نہیں آرہی،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج قربانیاں دے رہی ہے۔