سرینگر: (مانیٹرنگ ڈیسک )غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے ضلع اسلام آباد میں مزید 5شہریوں کی جائیدادیں ضبط کر لیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی پولیس نے ضلع کے علاقے بجبہاڑہ میں 5رہائشی مکانات اور 3گاڑیاں جن کی مجموعی مالیت 4.3کروڑ روپے ہے ،بے بنیاد الزامات کے تحت اپنے قبضے میں لے لیں۔بھارتی پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس نے ریاض احمد ڈار، محمد یوسف ریشی، سبزار احمد میر، محمد شفیع ڈار اور عبدالحمید چوپان کے رہائشی مکانات ضبط کئے۔اس کے علاوہ پولیس نے تین گاڑیاں ضبط کیں جن میں محمد شفیع ڈار کی کار، منظور احمد منٹو کی ویگن اور نئی دہلی کے راہول سنگھ کی رجسٹرڈ ٹویوٹا کرولا شامل ہے۔ناقدین کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں جائیدادوں پر قبضے کو واضح یا ٹھوس شواہد کے بغیرلوگوں کو نشانہ بنانے کے لئے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے جس سے قوانین اور اختیارات کے غلط استعمال کے بارے میں خدشات بڑھ رہے ہیں۔کشمیری جائیدادوں کی ضبطی کو مقامی آبادی کو اجتماعی سزا دینے کے لئے مودی حکومت کی ایک وسیع حکمت عملی کا حصہ سمجھتے ہیں۔ جموں و کشمیر میں بہت سے خاندانوں کو شفاف قانونی کارروائی کے بغیر جائیداد وںکی ضبطی کا سامنا کرنا پڑاہے۔