اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے صوبہ خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا ہےکہ دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے گل امام، ٹانک میں 9، شمالی وزیرِستان میں 10، ضلع ٹھل میں 3 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے اور 6 کو زخمی کرکے گرفتار کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ وزیر اعظم نے آپریشن کے دوران سکیورٹی فوسز کے6 جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا بھی اظہار کیا ہے وزیرِاعظم نے شہدا کے بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعاکی اور کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم وطن عزیز کی خاطر قربانی دینے والے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔