اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سے چائنہ انرجی انٹرنیشنل گروپ کے جنرل منیجر وانگ ہوئی ہوا نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ چائنہ گروپ نے پاکستان میں 12 ارب ڈالر مالیت کے 21 میگا منصوبے مکمل کر لئے ہیں۔وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے ہفتہ کو جاری تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ گروپ کے دو اہم ترین ہائیڈرو پاور منصوبے، جن کی مجموعی پیداواری صلاحیت 1570 میگاواٹ ہے، میں آزاد پتن ہائیڈرو پاور منصوبہ (700 میگاواٹ) اور سکی کناری منصوبہ (870 میگاواٹ) شامل ہیں۔ ان منصوبوں پر مجموعی سرمایہ کاری 3.5 ارب ڈالر ہے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ آزاد پتن ہائیڈرو پاور منصوبہ پاکستان کے پائیدار توانائی کے مستقبل کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔یہ منصوبہ دو طرفہ تعاون، علاقائی ترقی اور پائیدار بنیادی ڈھانچے کے مشترکہ ویژن کی علامت ہے۔ انہوں نے آزاد پتن ہائیڈرو پاور منصوبے کی کامیاب تکمیل میں چائنہ انرجی گروپ کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔ چائنہ انرجی انٹرنیشنل گروپ نے حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق منصوبے کی ترقی کے شیڈول پر عمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ 1990 کی دہائی سے پاکستان میں موجودگی رکھنے والے اس گروپ نے تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے پاکستانی مارکیٹ پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔یہ گروپ انجینئرنگ ڈیزائن، تعمیراتی عملدرآمد، اور مختلف بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں جیسے ہائیڈرو پاور، تھرمل پاور، نیوکلیئر پاور، ٹرانسمیشن لائن، قابل تجدید توانائی، سڑک اور شاہراہ، آبی تحفظ وغیرہ میں خدمات انجام دے رہا ہے۔ گروپ کے جنرل مینیجر وانگ ہوئی ہوا نے پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق منصوبوں کی تلاش، خاص طور پر بنیادی ڈھانچے کی ترقی، پائیدار ترقی، ماحولیاتی تحفظ، اسمارٹ سٹیز اور سی پیک سے متعلقہ منصوبوں پر غور کی تجویز بھی دی۔