راولپنڈی۔(نمائندہ خصوصی)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے عراق کے دورے کے دوران وزیراعظم محمد شیاع السودانی، وزیر دفاع ثابت محمد سعید العباسی، وزیر داخلہ عبد الامیر الشمری اور چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل عبد الامیر رشید یار اللہ سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان ملاقاتوں کے دوران دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں سکیورٹی، دفاعی تعاون اور موجودہ علاقائی ماحول شامل ہیں۔
فریقین نے دوطرفہ فوجی تعاون کو وسعت دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا اور دفاعی تعلقات کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔عراقی سول اور عسکری قیادت نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔قبل ازیں عراق مسلح افواج کے ہیڈکوارٹر پہنچنے پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کو ایک چاق و چوبند فوجی دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔