راولپنڈی(نمائندہ خصوصی):چین کے سنٹرل ملٹری کمیشن (سی ایم سی) کے نائب چیئرمین جنرل ژانگ یو شیاء نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا۔معزز مہمان نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرسے ون آن ون ملاقات کی جس کے بعد وفود کی سطح پر تبادلہ خیال ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی کی صورتحال، خطے میں استحکام کے اقدامات اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے پر گفتگو کی گئی۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستان اور چین کے پائیدار دوستانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعلقات باہمی اعتماد اور تعاون کی بنیاد پر قائم ہیں۔انہوں نے اس تاریخی شراکت داری کو وقت کے ہر امتحان میں ثابت قدم قرار دیا اور اس میں مزید بہتری کی امید ظاہر کی۔آرمی چیف نے چین کی قیادت کا شکریہ ادا کیا جوبین الاقوامی اور علاقائی حالات کی تبدیلی کے باوجود پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔ جنرل ژانگ یو شیاء نے پاکستان کے ساتھ اپنی سٹریٹجک شراکت داری کے لیے پاکستان کی مستقل وابستگی کو بے حد سراہا۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان آرمی کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کی تعریف کی اور اس دیرینہ تعلق کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس سے قبل جی ایچ کیو پہنچنے پر جنرل ژانگ یو شیاء نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہیں پاکستان آرمی کے ایک چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔