پشاور۔ (نمائندہ خصوصی)عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی موجودہ لیڈرشپ نہیں چاہتی کہ بانی پی ٹی آئی رہا ہوں،کرسی کی لالچ میں انسانوں کی زندگی سے کھیلا جارہا ہے ۔پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے کارکنوں کو کہا جاتا ہے کہ کفن باندھ کرجانا ہے، خود کارکنوں کو میدان میں چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی لیڈر شپ کرسی کیلئے ورکرز کو استعمال کررہی ہے، تحریک انصاف کی موجودہ لیڈرشپ نہیں چاہتی کہ ان کے بانی چیئرمین رہا ہوں،دماغوں کے ساتھ کھیل کر بار بار حملے کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔صدر اے این پی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں سکیورٹی صورتحال بہت خراب ہے،خیبرپختونخوا حکومت ڈرامہ بازی بند کرکے صوبے میں امن و امان پر توجہ دے ۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے رہنما ورکرز کو میدان میں چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں ، جب آپ قانون ہاتھ میں لیتے ہیں تو کارروائی تو ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے انگریزوں کے خلاف 27 سال تحریک چلائی کبھی تشدد کا راستہ نہیں اپنایا۔بانی پی ٹی آئی کو سوچنا چاہیے کہ بشریٰ بی بی پر اعتماد کرنا چاہیے یا نہیں،اب جب بشریٰ بی بی سیاسی میدان میں آگئی ہیں تو وہ گھریلو خاتون نہیں رہیں سینیٹر ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ سرکاری وسائل کے استعمال کے خلاف عدالت سے رجوع کرونگا۔