اسلام آباد۔:وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز احتجاج کے دوران شہید ہونے والے نائیک محمد رمضان، سپاہی گلفام خان اور سپاہی شاہ نواز خان کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق چکلالہ، راولپنڈی میں پڑھی جانے والی نماز جنازہ میں وزیر اعظم کے ساتھ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، سول اور ملٹری افسران کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔وزیر اعظم نے کہا ہے کہ سیاسی مفادات کے حصول کیلئے پاکستان کسی فساد اور خونریزی کا متحمل نہیں ہو سکتا،ملک میں فساد و انتشار کے ایسے اقدامات قابل مذمت ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم احتجاج کے دوران اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر ڈیوٹی پر مامور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے،پوری قوم احتجاج میں شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔