اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے انتباہ جاری کیا ہے کہ اپنی تعلیمی دستاویزات کی تصدیق اور مساوی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے صرف ایچ ای سی کی ویب سائٹ پر دستیاب طریقہ کار پر عمل کریں۔ پیر کو ایچ ای سی کی جانب سے جاری انتباہ میں کہا گیا ہے کہ ایچ ای سی نے کسی بھی شخص یا ادارے کو تعلیمی دستاویزات کی تصدیق اور مساوات کے لیے فون کال/واٹس ایپ کے ذریعے آپ سے رابطہ کرنے کی اجازت نہیں دی ہے۔ایچ ای سی نے کہا ہے کہ ایسے افراد سے چوکس رہیں اور صرف ایچ ای سی کی ویب سائٹ پر دستیاب طریقہ کار پر عمل کریں۔ اطلاعات کے مطابق کچھ شرپسند ایچ ای سی کے نام پر جعلی کالز کے ذریعے ہراساں کر رہے ہیں اور خود کو ایچ ای سی کا نمائندہ ظاہر کرنے والے ان عناصر سے خبردار رہیں۔