امپھال:(مانیٹرنگ ڈیسک )بھارت کی شورش زدہ یاست منی پور میںحکومت نے سات اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ اور ڈیٹا سروسز کی معطلی کو مزید دو دن کے لیے بڑھا دیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ پابندی 25نومبر کی شام 5:15بجے تک نافذ رہے گی۔ پابندی کا اطلاق وادی امپھال اور پہاڑی اضلاع دونوں پر ہوگا جن میں امپھال ویسٹ، امپھال ایسٹ، بشنو پور، تھوبل، کاکچنگ، کانگ پوکپی اور چورا چند پور شامل ہیں۔محکمہ داخلہ کے حکام نے تصدیق کی کہ ان علاقوں میں تازہ واقعات رپورٹ نہ ہونے کے باوجود پابندی جاری رہے گی۔ اس اقدام کا مقصد امن کو برقرار رکھنا اور کسی بھی ممکنہ بدامنی کو روکنا ہے۔منی پور پولیس نے 16نومبر کووادی امپھال میں ارکان اسمبلی کی رہائش گاہوں میں توڑ پھوڑ اور آتش زنی کے سلسلے میں مزید دو افراد کو گرفتار کیاہے۔ ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق اس طرح ان واقعات میں گرفتاریوں کی کل تعداد 34ہو گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ گرفتاریاں اور انٹرنیٹ پر پابندی میں توسیع خطے کی صورتحال کو مستحکم کرنے اور مزید واقعات کو روکنے کے لیے کی گئی ہے۔KMS-07/S