لاہور۔(نمائندہ خصوصی)سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بشری بی بی نے سعودی سرمایہ کاری کیخلاف بیان بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر دیا، سب وضاحتیں جھوٹ اور فراڈ پر مبنی ہیں۔ہفتہ کے روزجاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بشری بی بی نے جو بھی کیا بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر کیا،اب باقی سب وضاحتیں جھوٹ اور فراڈ پر مبنی ہیں،بشری بی بی نے یہ بیان بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر سعودی سرمایہ کاری کے خلاف دیا۔انہوں نے کہا کہ بشری بی بی کا بیان کوئی غلطی نہیں،سوچی سمجھی سازش ہے،جو بیوقوف بنے ان کے لئے عرض ہے کہ بات سائفر سے ننگے پائوں تک آ گئی ہے،بانی پی ٹی آئی نے بشری بی بی سے بیان سعودی سرمایہ کاری کو سبوتاژ کرنے کیلئے دلوایا۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پہلے بشری بی بی سے بیان دلوایا اوراب خود ان کے بیان پر پابندی لگوائی،بشری بی بی اور بانی پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں، بشری بی بی نے بانی پی ٹی آئی کی سکھائی ہو ئی باتیں عوام کو سنائیں، ان کے جھوٹ سے پاکستان سمیت کوئی ملک محفوظ نہیں۔