بلاوایو۔ (اسپورٹس ڈیسک ):زمبابوے نے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 80 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ، بارش کے باعث نامکمل میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت کیا گیا ، پاکستان نے 206 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 21 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 60 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی اور میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا ، سکندر رضا کو آل راؤنڈر کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ،کوئنز سپورٹس کلب ، بلاوایو میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 40.2 اوورز میں 205 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، رچرڈ نگروا 48 ، سکندر رضا 39 ، تادیوانشے مارومانی 29 اور شان ولیمز 23 رنز بنا کر نمایاں رہے ، پاکستان کی طرف سے سلمان علی آغا اور فیصل اکرم نے تین ، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، جواب میں پاکستان نے 21 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 60 رنز بنائے تھے کہ موسلادھار بارش شروع ہو گئی ، اس موقع پر کپتان محمد رضوان 19 اور عامر جمال صفر پر ناٹ آؤٹ تھے ، پاکستان کے ٹاپ اور مڈل آرڈر بیٹرز زمبابوین بائولرز کو اعتماد کے ساتھ نہ کھیل سکے اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے رہے ،صائم ایوب 11 ، عبداللہ شفیق ایک ، کامران غلام 17 ، سلمان علی آغا 4 ، حسیب اللہ خان صفر اور عرفان خان 7 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ، بلیسنگ مزرابانی ، سکندر رضا اور شان ولیمز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں ، مسلسل بارش اور گراؤنڈ میں پانی جمع ہونے کے باعث میچ کو ختم کر دیا گیا ، اس طرح ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت زمبابوے کی ٹیم 80 رنز سے فاتح قرار پائی، سکندر رضا کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔