اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں زندگی معمول کے مطابق ہے، راستے کھلے ہیں، کچھ راستے بند ہیں جن کی ذمہ دار تحریک انصاف ہے، شہر کا امن بحال رہے گا، کسی کو امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پی ٹی آئی کے لوگ رضاکارانہ طور پر گرفتاریاں دے رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی این آر او چاہتے ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ عدالتوں سے رجوع کریں۔ اتوار کو وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں راستے کھلے ہیں، لوگوں کی آمدورفت جاری ہے، کچھ راستے بند ہیں جن کی ذمہ دار پی ٹی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اپنے لوگ نہیں چاہتے کہ ان کا لیڈر باہر آئے، پنجاب سمیت مختلف علاقوں سے اطلاعات ہیں کہ پی ٹی آئی کے لوگ رضاکارانہ طور پر گرفتاریاں دے رہے ہیں کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ انتشار پھیلائیں اور اسلام آباد میں بلاوجہ دھرنا دیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، انتشار پھیلانے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتشار پھیلانا پی ٹی آئی کی تاریخ ہے، انہوں نے ہمیشہ سرکاری املاک اور لوگوں کے جان و مال کو نقصان پہنچایا، 2014ءکے دھرنے میں انہوں نے پی ٹی وی پر حملہ کیا، پارلیمنٹ کا گیٹ توڑا، قبریں کھودیں، 9 مئی کے حملے کئے، شہداءکی یادگاروں کو مسمار کیا، دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا، آج بھی یہ اسی روش پر قائم ہیں۔ ان کی ڈیمانڈ ہے کہ ہم سے ڈیل کرو، این آر او دو، ہمارے لیڈر کو رہا کرو لیکن یہ کام حکومتوں کا نہیں، یہ عدالتوں کا کام ہے، وہاں اپنے کیس لڑیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، پالیسی ریٹ اور مہنگائی میں کمی آ رہی ہے، بیلارس کے صدر پاکستان آ رہے ہیں،
آج بیلاروس کا کاروباری وفد پاکستان پہنچ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، اس بات کی بالکل اجازت نہیں کہ ملک کی معیشت کو نقصان پہنچایا جائے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے نفری تعینات کی گئی ہے، قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، جو احتجاج کے لئے یہاں پہنچے گا وہ گرفتار ہوگا۔ انہوں نے اگر احتجاج کرنا ہے تو اپنے صوبے میں جا کرکریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ راستے بند ہونے سے تاجروں اور کاروباری حضرات کا نقصان ہوتا ہے، اس کی ذمہ دار تحریک انصاف ہے، یہ تاجروں کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے، یہ چاہتی ہے ملکی معیشت ڈی ریل ہو، سرکاری امور انجام نہ دیئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بتائے کہ یہ کس عوامی ایشو پر باہر نکلے ہیں؟عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ بجلی پر پہلے ہی سبسڈی دی جا چکی ہے، وزیراعظم ونٹر پیکیج کا اعلان کر چکے ہیں، ونٹر پیکیج سے بجلی کے بلوں میں سردیوں میں بھی کمی واقع ہوگی، مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے، عوام کو سہولیات دی جا رہی ہیں لیکن یہ بضد ہیں کہ ہم نے احتجاج کرنا ہے، ان کا احتجاج کس چیز کے خلاف ہے، ان کی صرف یہ ڈیمانڈ ہے کہ ہمارے لیڈر کو رہا کرو۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان قائم رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے، وزیر داخلہ امن و امان یقینی بنانے کے حوالے سے صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں سیکورٹی کے انتظامات اچھے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد میں امن بحال رہے گا، جو لوگ لشکر کشی کرنے آ رہے ہیں ان کی آپس کی لڑائی ہے، یہ انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، ان کی اپنی جماعت انتشار کا شکار ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم پرعزم اور پرامید ہیں کہ حالات پرامن رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ترقی کر رہی ہے، بیلاروس کے صدر کو خوش آمدید کہیں گے، وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے آ رہے ہیں، ان کا گرمجوشی سے استقبال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حال ہی میں ایس سی او کانفرنس کا انعقاد کیا، دوست ممالک یہاں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی اور اب اسلام آباد میں انتشار پھیلانے کے لئے آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ اپنے صوبے میں امن و امان کو کنٹرول کریں، کرم ایجنسی کے لوگوں کا کسی کو کوئی خیال نہیں، کرم ایجنسی میں آج بھی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں احتجاج کا مقصد اور مطالبہ کیا ہے کوئی نہیں جانتا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت ترقی کرتی رہے گی، معیشت کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے خود گاڑی ڈرائیو کر کے اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پولیس جوانوں اور افسران سے ملاقات کی، بچوں اور فیملیز سے بھی ملے۔