اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )حکومت نے پارلیمنٹ حملہ کیس میں عمران خان کی بریت کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کر دی۔ اپیل میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ خلاف قانون ہے ، عمران خان کے ارتکابِ جرم کے کافی دستاویزی اور ویڈیو شواہد ریکارڈ پر موجود ہیں، ٹرائل کورٹ نے عینی شاہدین کے بیانات کو نظرانداز کر کے عمران خان کو بری کیا، پبلک پراسیکیوٹرز نے خلاف قانون عمران خان کی بریت کی حمایت کی،
ٹرائل کورٹ نے وقوعہ کے متاثرین کو نوٹس کیے اور سنے بغیر عمران خان کو بری کر دیا،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ٹرائل کورٹ نے جلدبازی میں فیصلہ کیا،لہٰذا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے 29 اکتوبر 2020 کو عمران خان کو پارلیمنٹ حملہ کیس میں بری کیا تھا۔