گلگت۔(نمائندہ خصوصی)ترجمان دیامر بھاشا ڈیم نے کہا ہے کہ پراجیکٹ کےلیے ہربن بھاشا میں درکار زمینوں کے معاوضے کی ادائیگیوں کےلیے واپڈا کی جانب سے تاخیر یا رکاوٹ سے متعلق تاثر درست نہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ 8 نومبر کو کمشنر ہزارہ ڈویژن کے دفتر میں اسی معاملے پر ہربن بھاشا کے عمائدین اور اراکین کے ساتھ تفصیلی گفتگو ہوئی، اس اجلاس میں واپڈا کے جنرل منیجر لینڈ ایکوزیشن اینڈ ری سٹیلمنٹ اورجنرل منیجر دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ نے بھی شرکت کی اس اجلاس میں ہربن بھاشا کے عمائدین کے ساتھ باہمی رضا مندی اوراتفاق رائے سے ادائیگیوں سمیت دیگر ایشوز پر لائحہ عمل تیار کیاگیا ہے اوراسی لائحہ عمل پر عمل درآمد ہوگا۔ ترجمان نے مزید کہا ہے کہ پراجیکٹ میں کنٹریکٹرز اورکنسلٹنٹس کمپنیوں کے ساتھ ملازمتوں کےلیے پراجیکٹ ایریا کے مقامی افراد کو پہلے بھی ترجیحی بنیادوں پر ملازمتیں دی گئیں ہیں اورآئندہ بھی دی جائیں گی ۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا میں منفی پروپیگنڈے سے گریز کیا جائے۔