لاہور۔(نمائندہ خصوصی):ٹریڈ ڈویلپمنٹ آف اتھارٹی (ٹڈاپ) کے زیر اہتمام 4روزہ ایکسپو 29 نومبر سے ایکسپو سینٹر لاہور میں شروع ہو گی ،جو یکم دسمبر تک جاری رہے گی ۔ ٹڈاپ کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ ویکسنیٹ 2024 کاروباری خواتین کے لیے وقف ایک اہم نمائش ہے جبکہ او آئی سی ٹریڈ فیئر اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان عالمی نیٹ ورکنگ اور تعاون کے بے مثال مواقع پیش کرتا ہے۔دونوں ایونٹس پاکستان کے تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور ملک کی برآمدات پر مبنی ترقی کی حکمت عملی کو بھرپور نمونے سے آگے بڑھانے میں مددگار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹڈاپ وسیع تجارتی ترقی کو فروغ دینے اور پاکستان کی برآمدی صلاحیت کو اجاگر کرنے کی راہیں پیدا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ ایکسپو میں وفاقی وزیر تجارت ، سیکرٹری ٹڈاپ شہریار تاج، چیف ایگزیکٹو ٹڈاپ زبیر موتی والا اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) کے سینئر حکام شرکت کریں گے ۔ انہوں نے خواتین کے کاروباری اداروں کو فروغ دینے کے لئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر ویکسنیٹ 2024 کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تجارتی ترقی کو فروغ دینے اور عالمی سطح پر پاکستان کی برآمدات کو فروغ دینے میں ٹڈاپ کے کردار کو بڑھانے کے لئے دونوں ایونٹس اہمیت کے حامل ہیں ۔ان فلیگ شپ ایونٹس سے تبدیلی کے امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی تجارتی اور کاروباری صلاحیتوں کی مضبوط رسائی، محتاط منصوبہ بندی اور موثر نمائندگی کو یقینی بنائیں۔