اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):پریس کونسل آف پاکستان (پی سی پی) نے جعلی خبروں کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لئے صحافیوں کے ساتھ ایک خصوصی سیشن کا انعقاد کیا جس میں ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی اہمیت اور خبروں کی اشاعت سے پہلے مکمل حقائق کی جانچ پڑتال کی ضرورت پر روشنی ڈالی گئی۔پی سی پی کے چیئرمین ارشد خان جدون کی زیر صدارت جمعہ کو ہونے والے سیشن میں اسلام آباد اور راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے جعلی خبروں اور غلط معلومات کی روک تھام کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔سیشن کے دوران شرکاء کو پی سی پی کے ڈھانچے اور غلط معلومات اور غیر اخلاقی رپورٹنگ کے خلاف اس کے اہم کردار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پی سی پی کے میڈیا اور عوامی مفادات کے تحفظ کے عزم کے ساتھ ساتھ صحافیوں کے لئے ڈھال کے طور پر کام کرنے، ان کے حقوق کو یقینی بنانے اور انہیں غیر ضروری بیرونی مداخلت سے بچانے کے عزم کو اجاگر کیا گیا۔چیئرمین ارشد خان جدون نے گزشتہ نو ماہ کے دوران موصول ہونے والی شکایات اور قانونی معیار کے مطابق ان کے حل کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے انکوائری کمیشن کی کارروائیوں اور شکایات کے ازالے کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیل سے بتایا جس میں پانچ سال کے وقفے کے بعد اس کے چیئرمین کی تقرری کے بعد کونسل کی کارکردگی کو اجاگر کیا گیا ہے۔چیئرمین پی سی پی کا عہدہ گزشتہ پانچ سال سے خالی تھا، موجودہ حکومت نے اس عہدے پر باضابطہ تقرری کی، جس سے کونسل کو معلومات کی مناسب ترسیل کو یقینی بنانے اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ میں موثر طریقے سے کام کرنے کا موقع ملا۔چیئرمین ارشد خان جدون نے اپنے خطاب میں پی سی پی کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ معلومات کی ذمہ دارانہ ترسیل کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے اخلاقی صحافت کی اہمیت پر زور دیا اور جعلی خبروں کی روک تھام کے لئے حکمت عملی کے لئے شرکاء سے قابل عمل تجاویز طلب کیں۔انہوں نے غلط معلومات کے خطرات اور اس کے معاشرتی اثرات کے بارے میں آگاہی پر زور دیتے ہوئے یقین دلایا کہ اس طرح کے سیشن شفاف اور حقائق پر مبنی رپورٹنگ کی حمایت جاری رکھیں گے۔ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر (نیوز) محمد عثمان خان نے صحافیوں کو شواہد پر مبنی رپورٹنگ میں مہارت حاصل کرنے اور مواد کی سخت حقائق کی جانچ پڑتال اور تصدیق کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے صحافتی معیار کو بہتر بنانے اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو مؤثر طریقے سے روکنے کے لئے استعداد کار بڑھانے کے اقدامات کی تجویز پیش کی۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی سی پی تیمور اقبال نے معلومات کے تبادلے سے قبل ذرائع کی تصدیق کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور درست معلومات کے فعال انکشاف کے لئے سفارشات پیش کیں۔ انہوں نے میڈیا تنظیموں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اخلاقی معیارات کو برقرار رکھیں اور صحافتی سالمیت کو مضبوط بنانے کے لئے مسلسل مکالمے میں مشغول رہیں۔اجلاس کا اختتام اخلاقی صحافت کو فروغ دینے اور مسلسل شمولیت اور استعداد کار بڑھانے کی کوششوں کے ذریعے جعلی خبروں کا مقابلہ کرنے کے عزم کے ساتھ ہوا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ میڈیا جمہوریت کے قابل اعتماد ستون کے طور پر کام کرتا رہے۔