اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فائرنگ میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔جمعرات کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ نہتے مسافروں پر حملہ انتہائی بزدلانہ اور انسانیت سوز عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں پر حملے کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ صدر مملکت نے واقعہ میں قیمتی جانی نقصان پر لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمی افراد کو بروقت طبی امداد کی فراہمی اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ صدر مملکت نے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔