اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ضلع کرم میں معصوم شہریوں بشمول خواتین اور بچوں کے قافلے پر شرپسندوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر کی وطن عزیز کے امن کو تباہ کرنے کی تمام تر مذموم کوششوں کو ناکام بنائیں گے، معصوم شہریوں کے قافلے پر حملہ حیوانیت کے مترادف ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حملے میں خواتین اور بچوں سمیت جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیر اعظم نے حملے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعظم نے حملہ آوروں کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ملک کے امن کے دشمنوں نے معصوم شہریوں کے قافلے پر حملہ کیا جو حیوانیت کے مترادف ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کی وطن عزیز کے امن کو تباہ کرنے کی تمام تر مذموم کوششوں کو ناکام بنائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ واقعے میں ملوث شرپسند عناصر کی نشاندہی کرکے انہیں مثالی سزا دی جائے گی، تخریب کار ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے بہادر پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ شرپسند عناصر جو معصوم شہریوں کا خون بہاتے ہیں، وہ مسلمان تو کیا انسان کہلانے کے بھی لائق نہیں۔