کراچی( نمائندہ خصوصی )کراچی ایئرپورٹ کو ریڈ زون قرار دے کر آنے والے راستے محدود کر دیے گئے اور مسافروں کے لیے اہم ہدایات جاری کردی گئیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کو ریڈ زون قرار دے دیا گیا ، پولیس حکام نے بتایا کہ ایئرپورٹ آنے والے راستےمحدود کر دیے گئے اور غیر متعلقہ افراد کو ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔حکام کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ آنے، جانے یا وہاں اپنے فرائض انجام دینے والوں کو جانے کی اجازت ہوگی تاہم ایئرپورٹ آنیوالے افراد ریڈ زون میں داخلے کیلئے پرواز کی ٹکٹ اور شناختی کارڈ ساتھ رکھیں۔پولیس نے کہا کہ کراچی ایئرپورٹ کے اطراف 5 نئی پولیس چیک پوسٹیں بنادی گئیں،چیک پوسٹوں پر 24 گھنٹے پولیس نفری تعینات رہے گی، چیک پوسٹوں پرپولیس اہلکار مشکوک شخص ،گاڑی کی چیکنگ کریں گے۔حکام نے مزید بتایا کہ چیکنگ کا مقصد کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کو روکنا ہے، اپیل ہے مسافر اپنی پرواز کے وقت سےقبل ایئرپورٹ پہنچیں۔