اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان سائبر سکیورٹی سمیت آئی ٹی و ٹیلی کام کے میدان میں تعلقات مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں، دونوں ممالک کے مابین سٹوڈنٹس، سٹارٹ اپس ایکسچینج سے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔منگل کو وزارت آئی ٹی وٹیلی کمیونیکیشن سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر مملکت برائے آئی ٹی ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ سے پاکستان میں قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسی الخاطر نے منگل کو ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، آئی ٹی و ٹیلی کام ، سٹارٹ اپس، سائبر سکیورٹی کے میدان میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔وزیر مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہاکہ پاکستان اور قطر کے مابین گہرے دوستانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک آئی ٹی و ٹیلی کام کے میدان میں مل کر کام کر سکتے ہیں، چاہتے ہیں کہ پاکستان اور قطر کے آئی ٹی و ٹیلی کام کے میدان میں تعلقات مزید فروغ پائیں۔انہوں نے کہا پاکستان قطر کے ساتھ سائبر سکیورٹی کے میدان میں مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے، ٹیک سیکٹر میں پاکستان اور قطر کے اداروں کے مابین ایم او یوز کا ہونا اہم ہے، پاکستان اور قطر کی آئی ٹی کمپنیاں جائنٹ وینچر کر سکتی ہیں، دونوں ممالک کے مابین سٹوڈنٹس، سٹارٹ اپس ایکسچینج سے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، قطر پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کو ویزہ کے حصول اور مارکیٹ رسائی تک مزید سہولیات دے۔قطر کے سفیر نے کہا کہ قطر پاکستان کے ساتھ آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں مکمل تعاون کرے گا۔ملاقات میں سپیشل سیکرٹری آئی ٹی و ٹیلی کام ڈویژن اظفر منظور اور ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل کوآرڈینیشن سید جواد علی شیرازی بھی موجود تھے۔